لودھراں (نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لودھراں کیپٹن (ر) علی بن طارق نے ہدایت کی ہے کہ اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ زیرِ تفتیش مقدمات مقررہ مدت میں مکمل کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل وسائل کی مدد سے مضبوط شواہد کے ساتھ چالان عدالتوں میں جمع کرائے جائیں تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلائی جا سکے۔
انہوں نے یہ ہدایات ڈی پی او آفس میں منعقدہ کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ضلع بھر کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور برانچ ہیڈز نے شرکت کی، جہاں امن و امان کی مجموعی صورتحال، زیرِ تفتیش مقدمات، اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری، انسدادِ منشیات اور جرائم کی روک تھام سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او نے کہا کہ تمام زیرِ تفتیش مقدمات مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور مضبوط شواہد کے ساتھ چالان عدالتوں میں جمع کرائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سنگین مقدمات کی تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ٹیکنیکل وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جائے تاکہ ہر مقدمے کو پیشہ ورانہ انداز میں منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
کیپٹن (ر) علی بن طارق نے اشتہاری اور عادی مجرمان کی فوری گرفتاری یقینی بنانے، جرائم کی روک تھام اور منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہوائی فائرنگ، منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے پٹرولنگ، ناکہ بندی اور چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، زیرِ التوا مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے اور پولیس ریکارڈ کو مکمل اور اپ ڈیٹ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈی پی او نے کہا کہ ایف آئی آر درج کرتے وقت ملزمان کے شناختی کارڈ نمبر اور موبائل نمبر کا اندراج لازمی یقینی بنایا جائے تاکہ تفتیش کا عمل مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔
ڈی پی او کیپٹن (ر) علی بن طارق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام افسران باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور عوام کو بروقت اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔