رحیم یار خان (نیوز ڈیسک) ملائیشیا اور آسٹریلیا کی معروف جامعات سے وابستہ پروفیسر آف کمیونیکیشن اینڈ ویژول آرٹس پروفیسر سردار شاہد خان لغاری نے ڈی ایس پی (ر) ایاز محمود خان لغاری کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس آفس، رحیم یار خان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈرائیونگ ٹیسٹنگ کے طریقہ کار اور لائیو ڈرائیونگ ٹیسٹ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پروفیسر سردار شاہد خان لغاری، جو رحیم آباد کی معروف لغاری فیملی سے تعلق رکھتے ہیں، Taylor’s University، Selangor University (ملائیشیا) اور University of South Australia سے وابستہ رہ چکے ہیں اور انہیں تدریس کے شعبے میں 23 سالہ تجربہ حاصل ہے۔
ڈسٹرکٹ ٹریفک آفس آمد پر انسپکٹر ٹریفک ہیڈکوارٹر شاہد عمران سنگھیڑا نے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے مختلف مراحل، میرٹ پر مبنی نظام اور شفاف طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد نے ٹیسٹنگ کے موجودہ نظام، حفاظتی تقاضوں اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر سردار شاہد خان لغاری نے کہا کہ ملائیشیا میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا نظام عالمی معیار کے مطابق انتہائی منظم، سخت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر امیدوار کے لیے کسی منظور شدہ ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ سے باقاعدہ تربیتی سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوتا ہے، جس کے بغیر اسے ڈرائیونگ ٹیسٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امیدوار سب سے پہلے کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ سمیولیٹر پر مختلف ٹریفک حالات، پلوں، رکاوٹوں، تیز روشنی، اندھیرے اور ہنگامی صورتحال میں گاڑی چلانے کی مشق کرتا ہے۔ اس دوران جدید نظام امیدوار کے چہرے کے تاثرات (Face Reading) اور ردِعمل کا بھی جائزہ لیتا ہے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا وہ دباؤ اور غیر معمولی حالات میں محفوظ انداز سے گاڑی چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے یا نہیں۔ اس مرحلے کے بعد ٹریفک قوانین، روڈ سائنز اور عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں بھی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایسا جامع نظام متعارف کرایا جائے تو تربیت یافتہ، ذمہ دار اور قانون کا احترام کرنے والے ڈرائیور تیار کیے جا سکتے ہیں، جس سے ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
پروفیسر شاہد خان لغاری نے رحیم یار خان میں میرٹ، شفافیت اور جدید طریقہ کار کے تحت ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے کے نظام کو سراہتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی (ر) ایاز محمود خان لغاری نے بھی ڈرائیونگ ٹیسٹنگ کے شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے عوام کا اداروں پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
دریں اثنا، کراچی سے تعلق رکھنے والی سماجی شخصیت جمیل خان لغاری نے بھی ٹریفک پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی، نظم و ضبط اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔