بہاولپور (نیوز ڈیسک)ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی صلاح الدین (پی پی ایم) نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا پرامن انعقاد تمام اداروں، علمائے کرام، امن کمیٹی، انجمن تاجران، میڈیا اور عوام کے مثالی تعاون کا نتیجہ ہے۔ امن و امان کا قیام پورے بہاولپور کی مشترکہ کامیابی اور باہمی اعتماد کا ثمر ہے، جس میں تمام متعلقہ طبقات نے ذمہ داری، اتحاد اور قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے غوثیہ (گھوٹوی) ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں علمائے کرام، امن کمیٹی کے اراکین، انجمن تاجران، میڈیا نمائندگان، سول سوسائٹی، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پولیس افسران و جوانوں کو محرم الحرام کے دوران شاندار خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
آر پی او غازی صلاح الدین (پی پی ایم) نے ذمہ دارانہ صحافت، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں میڈیا، علمائے کرام، امن کمیٹی، سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام اداروں اور شہریوں کے باہمی تعاون سے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
تقریب میں ڈی پی او بہاولپور، ایس پی سیف سٹی کاشف عبداللہ، ایس پی انویسٹی گیشن فرخ جاوید، ضلعی انتظامیہ کے افسران، پولیس اہلکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔