رحیم یار خان (نیوز ڈیسک) تھانہ ترنڈہ محمد پناہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی سمگل شدہ چاندی برآمد کر لی، جبکہ بین الصوبائی سمگلنگ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔
موٹر وے پولیس نے تیز رفتاری اور خطرناک انداز میں گاڑی چلانے پر ایک کار کو روک کر اس میں سوار شہزاد منیر پٹھان اور مظہر، سکنہ ضلع لکی مروت، کو تھانہ ترنڈہ محمد پناہ پولیس کے حوالے کیا، جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
دورانِ کارروائی ملزمان کے مشکوک طرزِ عمل اور باہمی گفتگو کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ایچ او فضل عباس مگسی کی نگرانی میں اے ایس آئی ایاز احمد تبسم اور محرر تھانہ محمد اجمل نے گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لی۔ اس دوران گاڑی کی سٹیپنی معمول سے زیادہ وزنی محسوس ہوئی۔ سٹیپنی کھولنے پر اس کے اندر نہایت مہارت سے چھپائی گئی 2 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی سمگل شدہ چاندی برآمد ہوئی۔
پولیس نے برآمد شدہ چاندی، دونوں ملزمان اور متعلقہ ریکارڈ ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر عرصہ دراز سے کوئٹہ سے ملک کے مختلف شہروں تک چاندی کی سمگلنگ میں ملوث تھے، جبکہ اس نیٹ ورک کے دیگر افراد اور روابط کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او فضل عباس مگسی، اے ایس آئی ایاز احمد تبسم، محرر محمد اجمل اور پوری پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ، منشیات اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔