بہاولپور (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح بہاولپور میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، مہنگائی اور عوامی مسائل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر سے شروع ہو کر فرید گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت جماعت اسلامی بہاولپور کے ضلعی امیر نصراللہ خان ناصر نے کی، جبکہ کارکنوں، عہدیداروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی، مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نصراللہ خان ناصر نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت اس کا فائدہ عوام تک منتقل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں اور پیٹرولیم لیوی کے باعث عوام مہنگا پیٹرول خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ ایل پی جی بھی سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جانب عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ دوسری جانب مختلف شعبے مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق پیٹرول، چینی، گیس، آئی پی پیز، آٹا، کھاد اور ادویات سے وابستہ مافیاز کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث عام آدمی کی قوتِ خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حلقہ پی پی 253 چوہدری شاہد حسن اور امیر جماعت اسلامی حلقہ پی پی 254 عازم غزالی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیکے داری نظام کے حوالے کرنا عوام سے علاج کی بنیادی سہولت چھیننے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات، ادویات اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے تناسب سے فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے، پیٹرولیم لیوی اور دیگر غیر ضروری ٹیکس ختم کیے جائیں، ایل پی جی کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے اور عوام کو مستقل ریلیف دینے کے لیے شفاف اور عوام دوست معاشی پالیسیاں اختیار کی جائیں۔
نصراللہ خان ناصر نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ، مہنگائی، ناانصافی اور حکومتی بے حسی کے خلاف اپنی پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کو فوری ریلیف نہ دیا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔