بہاولپور (نیوز ڈیسک) ریجنل پولیس آفیسر غازی صلاح الدین (پی پی ایم) نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا، شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ اور شفاف انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور غفلت یا ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولپور رانا عبدالوہاب کے ہمراہ ایس ڈی پی او آفس سرکل سٹی بہاولپور میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران کیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں۔
آر پی او غازی صلاح الدین اور ڈی پی او رانا عبدالوہاب نے شہریوں کے مسائل اور شکایات کو بغور سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری اور مؤثر کارروائی کے واضح احکامات جاری کیے۔ متعدد درخواستوں پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے سائلین کو موقع پر ہی ریلیف فراہم کیا گیا، جبکہ دیگر درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر کارروائی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
آر پی او نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کے جذبے کے تحت اپنے فرائض انجام دے رہی ہے اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر شکایت کو قانون اور میرٹ کے مطابق نمٹایا جائے، سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور کسی بھی شہری کو بلاوجہ انتظار نہ کرایا جائے۔
اس موقع پر ڈی پی او رانا عبدالوہاب نے کہا کہ بہاولپور پولیس عوامی خدمت، میرٹ اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات پر بلا تاخیر کارروائی یقینی بنائی جائے اور ہر درخواست کو مقررہ وقت میں قانون کے مطابق نمٹاتے ہوئے سائلین کو مکمل ریلیف فراہم کیا جائے۔