بہاولپور (نیوز ڈیسک) کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق کاروباری افراد اور شہریوں کو جدید، شفاف اور تیز رفتار سرکاری خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ای بزنس (eBiz Punjab) پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو ایک ہی جگہ پر مختلف سرکاری محکموں کی خدمات مہیا کی جا رہی ہیں، جنہیں مزید مؤثر اور عوام دوست بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای خدمت مرکز بہاولپور کے دورے کے دوران ای بزنس (eBiz Punjab) کاؤنٹر کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) شگفتہ جبیں، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین اور انچارج ای خدمت مرکز بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کمشنر کو ای بزنس کاؤنٹر پر کاروبار کے اندراج، مختلف سرکاری محکموں سے درکار این او سیز، لائسنسوں، اجازت ناموں اور دیگر کاروباری خدمات کی فراہمی کے ڈیجیٹل نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ eBiz Punjab پلیٹ فارم کے ذریعے کاروباری افراد ایک ہی مقام سے متعدد سرکاری خدمات آسان، شفاف اور تیز رفتار انداز میں حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ 1284 ہیلپ لائن کے ذریعے بھی درخواست گزاروں کو رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ ای بزنس کاؤنٹر پر آنے والے شہریوں، سرمایہ کاروں اور تاجروں کو بروقت، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ انداز میں خدمات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔