بہاولپور (نیوز ڈیسک) ریجنل پولیس آفیسرغازی محمد صلاح الدین نے اپنے دفتر میں اردل روم کا انعقاد کرتے ہوئے محکمانہ اپیلوں اور شوکاز نوٹسز کی سماعت کے بعد مختلف پولیس افسران و اہلکاروں کے کیسز پر فیصلے جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ ریجن بہاولپور میں شفاف، غیرجانبدار اور بلاامتیاز احتساب کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جس کا مقصد محکمہ پولیس میں نظم و ضبط، میرٹ اور پیشہ ورانہ معیار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
منظور شدہ اپیلوں کے تحت اے ایس آئی عمیر اسلم، اے ایس آئی محمد رزاق، ہیڈ کانسٹیبل محمد اصغر اور ڈرائیور کانسٹیبل محمد آصف بشیر کی تنخواہ میں کمی کی سزائیں ختم کر دی گئیں۔ اے ایس آئی محمد آصف کو سنشور کی سزا دے کر دوبارہ سب انسپکٹر کے عہدے پر بحال کر دیا گیا، جبکہ کانسٹیبل محمد جاوید کی تنزلی کی سزا ختم کرتے ہوئے انہیں سنشور کی سزا کے ساتھ ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر بحال کر دیا گیا۔ نوکری سے برطرف ناصر محمود کو ملازمت پر بحال کرتے ہوئے تنخواہ میں کمی کی سزا دی گئی، جبکہ ریٹائرڈ اے ایس آئی شاہد انور کی اپیل بھی منظور کر لی گئی۔
دوسری جانب متعدد اہلکاروں کی اپیلیں مسترد کر دی گئیں، جن میں تنخواہ میں کمی، عہدے میں تنزلی، ملازمت سے برطرفی اور ایڈورس اے سی آر کے خلاف دائر اپیلیں شامل تھیں۔
آر پی او نے محکمانہ کارروائی کے تحت انسپکٹر رئیس الرحمان، انسپکٹر عابد حمید، اے ایس آئی عبدالقیوم، انسپکٹر اسجد مقصود اور انسپکٹر نوید عابد کی ایک سال کے لیے ترقی روکنے کی سزا بھی سنائی، جبکہ انسپکٹر حسن رضا، انسپکٹر محمد اشرف، انسپکٹر اقبال حسین، انسپکٹر انعام اللہ اور انسپکٹر محمد امین کے شوکاز نوٹسز کی سماعت کے بعد انہیں داخلِ دفتر کر دیا گیا۔
غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ محکمانہ احتساب، شفافیت اور انصاف پر مبنی فیصلے محکمہ پولیس کا بنیادی اصول ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اچھی کارکردگی کی حوصلہ افزائی اور غفلت یا بدعنوانی پر قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ محکمہ پولیس میں نظم و ضبط، احتسابی نظام اور پیشہ ورانہ معیار کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔