بہاولپور (نیوز ڈیسک) بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس صدر سید ظفر شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نائب صدر محمد اعظم قریشی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایجنڈے کے مطابق سال 2026-28 کے لیے چیمبر کے سالانہ انتخابات کے شیڈول اور الیکشن کمیشن کے تقرر کی منظوری دے دی گئی۔
شیڈول کے مطابق ووٹر لسٹ میں شامل اراکین اپنی فرم سے متعلق کسی بھی قسم کی تصحیح یا تبدیلی مکمل ثبوت کے ساتھ 18 جولائی 2026 تک کرا سکیں گے، جبکہ عبوری ووٹر لسٹ 21 جولائی کو چیمبر کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کی جائے گی۔ ووٹر لسٹ پر اعتراضات 28 جولائی تک جمع کرائے جا سکیں گے، جبکہ تمام اعتراضات نمٹانے کے بعد حتمی ووٹر لسٹ 26 اگست 2026 کو جاری کی جائے گی اور اسے چیمبر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن اسلام آباد کو بھی ارسال کیا جائے گا۔
ایگزیکٹو کمیٹی کی کارپوریٹ، ایسوسی ایٹ اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر انتخاب لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی 31 اگست تک جمع کرائے جا سکیں گے۔ ان پر اعتراضات 2 ستمبر تک وصول کیے جائیں گے، جبکہ کاغذات واپس لینے اور امیدواروں کی حتمی فہرست 15 ستمبر کو جاری کی جائے گی۔
ضرورت پڑنے پر کارپوریٹ کلاس کی پولنگ 17 ستمبر، ایسوسی ایٹ کلاس کی 19 ستمبر اور خواتین کی مخصوص نشست پر انتخاب 21 ستمبر 2026 کو ہوگا، جبکہ نتائج کا اعلان پولنگ کے روز ہی کیا جائے گا۔
چیمبر کے صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کے لیے کاغذات نامزدگی 23 ستمبر کو وصول کیے جائیں گے، جبکہ انتخاب کی صورت میں 26 ستمبر 2026 کو اعلیٰ عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
اجلاس میں الیکشن کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی بھی منظوری دی گئی۔ شیڈول کے مطابق 30 ستمبر 2026 کو چیمبر کے سبزہ زار میں سالانہ جنرل میٹنگ منعقد ہوگی، جس میں نومنتخب ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور اعلیٰ عہدیداران اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔