بہاولپور (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور حلقہ پی پی 254 سٹی بہاولپور سے ٹکٹ ہولڈر حماد میرانی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے حالیہ بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بحیثیت سیاسی کارکن ان سے ایسے بیان کی توقع نہیں رکھتے تھے۔
ایک بیان میں حماد میرانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ایک تجربہ کار اور زیرک سیاستدان ہیں، تاہم ان کے حالیہ بیان سے پاک فوج کے شہداء کے اہلِ خانہ کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ جرات، بہادری اور قربانی کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے بے شمار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کے بقول دہشت گردوں کے سہولت کار اور سرپرست طویل عرصے سے ملک کا امن تباہ کرنے کی کوشش کرتے رہے، تاہم پاک افواج نے اندرونِ ملک اور سرحدوں پر دشمن کو ہمیشہ مؤثر جواب دیا ہے۔
حماد میرانی نے کہا کہ قومی سطح کے سیاستدانوں کی جانب سے متنازع بیانات کا سامنے آنا لمحۂ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر سپوتوں نے ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور پاکستان کے امن، استحکام، دفاعی مضبوطی اور معاشی ترقی کے لیے دعا بھی کی۔