بہاولپور (نیوز ڈیسک)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے ہیڈ راجکاں سب ڈویژن، احمدپور شرقیہ میں فیلڈ سٹاف کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب احمد کی ہدایت پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایکسین سیفٹی عامر انصاری نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پیش آنے والے بیشتر حادثات کی بنیادی وجہ غیر محفوظ طرزِ عمل اور ملازمین کی حد سے زیادہ خود اعتمادی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثات سے بچاؤ صرف اسی صورت ممکن ہے جب تمام ملازمین حفاظتی قواعد و ضوابط، معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs) اور بیہیویئر بیسڈ سیفٹی کے اصولوں پر مکمل عمل کریں۔
عامر انصاری نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ کسی بھی ٹرانسفارمر، سب سٹیشن، ہائی ٹینشن یا کمپوزٹ لائن پر پرمٹ ٹو ورک جاری کیے بغیر اور لائن کو دونوں اطراف سے مناسب ارتھنگ کیے بغیر ہرگز کام شروع نہ کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر کام سے قبل "ٹیسٹ بی فور ٹچ” کے اصول پر لازماً عمل کیا جائے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔
سیمینار میں حالیہ مہلک اور غیر مہلک حادثات کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کیا گیا اور ان کی وجوہات و تدارک پر روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء کو حفاظتی سازوسامان اور ٹولز کے درست استعمال کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر ناقابلِ استعمال حفاظتی سامان کو فوری طور پر نئے حفاظتی سامان سے تبدیل کیا گیا، جبکہ تمام ملازمین کو ہدایت کی گئی کہ دورانِ ڈیوٹی حفاظتی اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
سیمینار میں سیفٹی انسپکٹر (ایچ ایس ای) نعیم کمبوہ، ایڈیشنل ایکسین ہیڈ راجکاں سب ڈویژن حمید علی سمیت افسران اور فیلڈ سٹاف نے شرکت کی۔