بہاولپور (نیوز ڈیسک) ساؤتھ ایئر لائن کے چیف کمرشل آفیسر سراج انور قاضی نے کہا ہے کہ بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں طویل تعطل کے بعد بہاولپور سے ساؤتھ ایئر کا فلائیٹ آپریشن بحال ہوا ہے، جس سے تاجر برادری، صنعتکاروں اور عام مسافروں کو بہتر، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر بہاولپور چیمبر کے عہدیداران خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
وہ بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سٹیشن منیجر بہاولپور عبدالغفار شہزاد، سٹیشن منیجر ملتان ثناء گردیزی، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر رضوان طالب، صدر چیمبر سید ظفر شریف، نائب صدر محمد اعظم قریشی، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور تاجر برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سراج انور قاضی نے کہا کہ طویل عرصے کے وقفے کے بعد بہاولپور سے باقاعدہ شیڈول پروازوں کا آغاز ساؤتھ ایئر کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہاولپور کی کاروباری برادری اس فضائی سروس سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اس کے استحکام اور کامیابی میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ ایئر مرحلہ وار اپنے فلائیٹ نیٹ ورک کو ملک کے مختلف شہروں تک وسعت دے رہی ہے اور مستقبل میں ڈیرہ غازی خان، خضدار، پنجگور، راولاکوٹ اور میرپور سمیت دیگر شہروں تک بھی پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت کراچی، بہاولپور اور اسلام آباد کے درمیان باقاعدہ پروازیں شروع ہو چکی ہیں، جبکہ آئندہ مرحلے میں کراچی، بہاولپور اور لاہور کے درمیان بھی فلائیٹ آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔
سراج انور قاضی نے کہا کہ ساؤتھ ایئر نے ٹریول ایجنٹس کے لیے دوستانہ اور سہل پالیسی اختیار کی ہے، جبکہ مسافر موبائل فون، ڈیبٹ کارڈ یا مجاز ٹریول ایجنٹس کے ذریعے باآسانی ٹکٹ بک کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی کرایے مناسب اور مسابقتی بنیادوں پر مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ جدید طیارے، پیشہ ور عملہ اور معیاری سفری سہولیات ساؤتھ ایئر کی نمایاں خصوصیات ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ساؤتھ ایئر جلد بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرے گی تاکہ تاجر برادری کو مزید سہولیات اور مراعات فراہم کی جا سکیں۔
اس سے قبل صدر بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید ظفر شریف نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ طویل تعطل کے بعد بہاولپور سے فضائی آپریشن کی بحالی چیمبر کی مسلسل جدوجہد کا ثمر ہے، جو خطے کی معاشی، تجارتی، صنعتی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بہاولپور کی تاجر برادری اس فلائیٹ آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
تقریب کے اختتام پر نائب صدر محمد اعظم قریشی نے اظہارِ تشکر کیا، جبکہ چیمبر کی جانب سے ساؤتھ ایئر کے وفد کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
دریں اثنا، طویل تعطل کے بعد بہاولپور ایئرپورٹ ایک بار پھر مسافر پروازوں سے آباد ہو گیا، جہاں نجی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر کی کراچی سے آنے والی پہلی پرواز کے مسافروں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اس پیش رفت کو جنوبی پنجاب کے لیے خوش آئند قرار دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ایئرپورٹ منیجر اعتزاز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر حمزہ احتشام، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن بہاولپور میاں محمد آصف، صدر بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید ظفر شریف، سیکرٹری بہاولپور جم خانہ چوہدری وحید ارشد سمیت سرکاری، کاروباری اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نجی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر کی پہلی پرواز کے ذریعے بہاولپور پہنچنے والے مسافروں کا پھولوں کے گلدستوں سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
شرکاء نے اس موقع پر کہا کہ کئی برس کے وقفے کے بعد بہاولپور ایئرپورٹ پر شیڈول مسافر پروازوں کی بحالی جنوبی پنجاب کے عوام، کاروباری طبقے اور سیاحوں کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر بڑے شہروں کے لیے بھی فضائی آپریشن شروع کیا جائے گا تاکہ خطے کے عوام کو مزید بہتر، محفوظ اور آسان سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ بہاولپور کے فضائی رابطوں کو مزید مستحکم بنانے اور نئی پروازوں کے آغاز کے لیے متعلقہ اداروں اور نجی ایئر لائنز کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ خطے کی معاشی، تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہو۔