بہاولپور (نیوز ڈیسک) ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق طالبات کو معیاری تعلیم اور بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم ہی ایک باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے، کیونکہ تعلیم یافتہ خواتین آئندہ نسلوں کی بہتر تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
وہ گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کے تعلیمی و تحقیقی سفر کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ تاریخی اہمیت کا حامل قدیم تعلیمی مرکز ہے، جس نے خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو یونیورسٹی کی تعلیمی، انتظامی اور ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کا آغاز 1944ء میں بطور انٹر کالج ہوا، جبکہ 2012ء میں اسے یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں اس وقت چار فیکلٹیز کے تحت 21 شعبہ جات فعال ہیں، جہاں بی ایس (چار سالہ) کے 16، ایسوسی ایٹ ڈگری کے 11، ایم ایس کے 8 اور پی ایچ ڈی کے 6 پروگرامز سمیت مجموعی طور پر 31 تعلیمی پروگرامز پیش کیے جا رہے ہیں۔ اس وقت 6 ہزار 50 طالبات مختلف پروگرامز میں زیر تعلیم ہیں، جبکہ عملی تعلیم اور تحقیق کے لیے 17 جدید لیبارٹریاں قائم ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کے محققین اب تک 550 سے زائد تحقیقی مقالات شائع کر چکے ہیں۔
فواد ہاشم ربانی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مزید محنت اور لگن سے کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے یونیورسٹی کی اراضی پر قبضے کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے اور یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں شامل کرانے کے لیے متعلقہ حکام سے بات چیت کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ملاقات میں یونیورسٹی کے ٹریژرر پروفیسر ڈاکٹر محمد صادق، رجسٹرار ڈاکٹر صائمہ انجم، کنٹرولر امتحانات سیدہ تہمینہ اعجاز اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے پرسنل اسٹاف آفیسر غلام سرور بھی موجود تھے۔