بہاولپور (نیوز ڈیسک) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ علم دوست اور فلاحی جذبہ رکھنے والی شخصیات تعلیمی اداروں کی ترقی، طلبہ کی فلاح اور معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بات بیرونِ ملک مقیم پاکستانی سماجی شخصیت انجینئر کامران احسان اور ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ ڈاکٹر ناصر حمید سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔
انجینئر کامران احسان، جو پاکستان کے مختلف علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہیں، نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی مختلف فیکلٹیز اور عمارات میں آر او پلانٹس نصب کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے ان کے انسان دوست جذبے اور فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ ڈاکٹر ناصر حمید نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جامعہ کی تعلیمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی کامیابیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے، حکومتی و تعلیمی اداروں کے مابین روابط کے استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور معیاری تعلیم، جدید تحقیق اور قومی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری کیے گئے یادگاری ڈاک ٹکٹ کا سووینئر ڈاکٹر ناصر حمید کو پیش کیا۔ ڈاکٹر ناصر حمید نے اس اقدام کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ایک صدی پر محیط علمی، تعلیمی اور قومی خدمات کا اعتراف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا جامعہ کے درخشاں علمی ورثے اور قومی سطح پر اس کی منفرد شناخت کا مظہر ہے۔