بہاولپور (نیوز ڈیسک) کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کے ہمراہ مون سون سے قبل ایمپریس برج دریائے ستلج کے حفاظتی بندوں، ملتان روڈ راؤنڈ اباؤٹ، سدرن بائی پاس روڈ کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا، جبکہ بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈریمز (DREAMS) پراجیکٹ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار، مکمل شفافیت اور تکنیکی تقاضوں کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
کمشنر نے ایمپریس برج دریائے ستلج کے حفاظتی بندوں کا معائنہ کرتے ہوئے محکمہ انہار کے افسران سے مرمتی اور حفاظتی کاموں پر بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن سے قبل حفاظتی بندوں کی مضبوطی کے تمام کام بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال میں انسانی جانوں، زرعی اراضی اور املاک کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین، ایس ای ہائی ویز، ایکسیئن ہائی ویز، ریسکیو 1122 اور محکمہ انہار کے افسران بھی موجود تھے۔
بعد ازاں کمشنر نے ملتان روڈ راؤنڈ اباؤٹ چوک کا دورہ کیا اور منصوبے کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان روڈ بہاولپور کا اہم داخلی راستہ ہے، اس لیے شہر کے داخلی مقام کو جدید طرز پر آراستہ کیا جائے، خوبصورت سائن بورڈ نصب کیے جائیں اور موسمی پھولوں، آرائشی پودوں اور سایہ دار درختوں کی شجرکاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کا داخلی منظر اس کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کا بہترین عکاس ہو۔
کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے سدرن بائی پاس روڈ پر محکمہ ہائی ویز کے زیر تعمیر منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور ایکسیئن ہائی ویز سے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیر میں معیار، شفافیت، تکنیکی تقاضوں اور حفاظتی اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے بتایا کہ سدرن بائی پاس کی تکمیل سے ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئے گی، سفر کا دورانیہ کم ہوگا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
بعد ازاں کمشنر کی زیر صدارت بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈریمز (DREAMS) پراجیکٹ کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد نعیم اختر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) اور حکومت پنجاب کے تعاون سے جدید سائنٹیفک لینڈ فل سائٹ، ویسٹ سیگریگیشن پلانٹ، ری سائیکلنگ، بائیو گیس، کمپوسٹ اور دیگر جدید ویسٹ پروسیسنگ سہولیات قائم کی جائیں گی، جبکہ شہریوں میں خشک اور گیلا کچرا الگ رکھنے کی آگاہی مہم بھی جاری ہے۔
کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ڈریمز پراجیکٹ بہاولپور میں جدید، پائیدار اور ماحول دوست سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں خصوصی آگاہی ٹیمیں تشکیل دینے اور شہر میں "سٹی کوڈز” متعارف کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی ویژن کے مطابق تمام عوامی فلاحی منصوبے بروقت، شفاف اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جدید، پائیدار انفراسٹرکچر اور بہترین شہری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔