بہاولپور (نیوز ڈیسک) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (PAFDA) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مشترکہ تحقیقی اور تعلیمی منصوبوں کے فروغ، زراعت، خوراک، غذائیت، فارمیسی اور متعلقہ شعبوں میں ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافے اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں اور خصوصی ریگولیٹری اداروں کے درمیان مؤثر روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ، منشیات سے بچاؤ اور زرعی پائیداری جیسے عملی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیمی و تحقیقی اداروں اور ریگولیٹری اداروں کے درمیان مضبوط تعاون ناگزیر ہے۔
دورے کے دوران وائس چانسلر کو پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جدید ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کا تفصیلی دورہ بھی کرایا گیا، جہاں انہوں نے جدید سائنسی انفراسٹرکچر، بین الاقوامی معیار کے ٹیسٹنگ پروٹوکولز اور تجزیاتی طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی سائنسی مہارت، مؤثر کوالٹی اشورینس سسٹم اور قومی و بین الاقوامی معیارات کے مطابق ٹیسٹنگ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے ملک میں محفوظ خوراک، معیاری زرعی پیداوار اور عوامی صحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات مشترکہ تحقیقی و تعلیمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مستقبل قریب میں باقاعدہ اشتراکِ عمل کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے جنرل منیجر لیگل جبران جمشید بھی موجود تھے۔