بہاولپور (نیوز ڈیسک) چیئرمین تعلیمی بورڈ بہاولپور اشتیاق احمد گوندل نے کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر عدیل مالک چیمہ اور کنٹرولر امتحانات سید محمد وحید الزمان ہمدانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چیئرمین بورڈ نے کمشنر بہاولپور کو گلدستہ پیش کیا۔ ملاقات کے دوران میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات، امتحانی نظام، شفافیت، آئندہ نتائج اور تعلیمی امور سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا نے تعلیمی بورڈ کی جانب سے میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2026ء شفاف، منظم اور پرامن انداز میں منعقد کرانے پر بورڈ انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص سیکرٹری بورڈ پروفیسر عدیل مالک چیمہ اور کنٹرولر امتحانات سید محمد وحید الزمان ہمدانی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات کی کامیاب تکمیل میں بورڈ انتظامیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مؤثر منصوبہ بندی اور بہترین ٹیم ورک قابلِ تعریف ہے۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ اشتیاق احمد گوندل نے کمشنر بہاولپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی بورڈ آئندہ بھی امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور طلبہ کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتا رہے گا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، امتحانی نظام کو مزید مؤثر بنانے اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔