لودھراں (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف سے ڈی سی آفس کے ترقی پانے والے ملازمین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، سیف رسول، محمد اسلم قریشی، سلیم خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت منعقدہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC) کے اجلاس میں راؤ محمد یوسف کو سینئر کلرک سے اسسٹنٹ، محمد صدیق کو جونیئر کلرک سے سینئر کلرک جبکہ درجہ چہارم کے ملازمین ہاشم رضا، محمد فاروق خان اور محمد ارسلان کو جونیئر کلرک کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔
ترقی پانے والے ملازمین نے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف سے ملاقات کر کے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کی میرٹ پر ترقی ان کا بنیادی حق ہے اور یہ ان کی محنت، لگن اور بہترین کارکردگی کا اعتراف بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پانے والے ملازمین اپنی ذمہ داریاں مزید محنت، دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے تاکہ اہل اور مستحق ملازمین کو بروقت ترقی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔