لودھراں (نیوز ڈیسک) مرکزی میلاد مصطفیٰ کمیٹی کے عہدے داران نے ادارہ منہاج القرآن کا دورہ کیا، جہاں ماہِ ربیع الاول شریف کی آمد کے سلسلے میں منعقد ہونے والے مذہبی، روحانی اور فلاحی پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مرکزی میلاد مصطفیٰ کمیٹی کے وفد میں سید مدثر احمد مکی شاہ بخاری، علامہ احمد سعید جامی، نواب غلام مصطفیٰ خان، حافظ محمد اکرم کانجو، عمران رفیق ریحان، ثمر محی الدین کانجو اور نواب سچل خان شامل تھے، جبکہ منہاج القرآن آفس میں علامہ نصیر احمد بابر، رانا محمد اشرف خان، ملک اسلم حماد، ملک اللہ یار اور چوہدری عبدالغفار سنبل نے وفد کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران ادارہ منہاج القرآن کے ذمہ داران نے جشن میلاد النبی ﷺ کو عقیدت، احترام، امن، محبت اور مذہبی ہم آہنگی کے جذبے کے ساتھ منانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر علامہ احمد سعید جامی نے میلاد کانفرنسوں، محافلِ نعت، جلوسوں، چراغاں، سجاوٹ، صفائی، سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
ادارہ منہاج القرآن کے ذمہ داران، علامہ نصیر احمد بابر اور دیگر نے مرکزی میلاد مصطفیٰ کمیٹی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کا مبارک مہینہ امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد، اخوت، محبت اور امن کا پیغام لے کر آتا ہے، لہٰذا تمام دینی و سماجی تنظیمیں باہمی اشتراک سے اس مقدس مہینے کے پروگراموں کو کامیاب بنائیں گی۔
آخر میں حافظ محمد اکرم کانجو، پروفیسر غلام مصطفیٰ خان اور مرکزی میلاد مصطفیٰ کمیٹی کے دیگر عہدے داران نے ادارہ منہاج القرآن کی میزبانی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی مشاورت اور مشترکہ کاوشوں سے ماہِ ربیع الاول شریف کے تمام پروگرام مثالی انداز میں منعقد ہوں گے۔