لیہ (نیوز ڈیسک)دریائے سندھ میں تونسہ پل کے قریب موضع دلو نشیب کے مقام پر کشتی حادثے میں دریا میں گرنے والے چاروں افراد بحفاظت کنارے پر پہنچ گئے، جبکہ ریسکیو 1122 نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ایک کشتی پر ٹریکٹر لوڈ ہونے کے باعث کشتی کا توازن بگڑ گیا اور وہ دوسری کشتی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں چار افراد دریائے سندھ میں جا گرے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی چانڈیہ والا پتن سے ریسکیو بوٹ اور ایمبولینس فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کی گئی۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دریا میں گرنے والے چاروں افراد ماہر تیراک تھے، جو اپنی مدد آپ کے تحت بحفاظت کنارے تک پہنچ گئے۔ بعد ازاں ریسکیو بوٹ کے ذریعے انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، جس کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کشتیوں میں گنجائش سے زیادہ وزن نہ لادیں، سفر کے دوران لائف جیکٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔