راولپنڈی/بورے والا (نیوز ڈیسک) میجر طفیل محمد شہید (نشانِ حیدر) کے 68ویں یومِ شہادت کے موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ 26 ڈویژن میجر جنرل نعمان منظور اعوان نے شہید کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی بھی پیش کی، جبکہ پاک فوج کی اعلیٰ قیادت اور مسلح افواج کی جانب سے میجر طفیل محمد شہید کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر مادرِ وطن کے دفاع کے لیے میجر طفیل محمد شہید کی بے مثال بہادری، فرض شناسی اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف ایئر اسٹاف اور پاکستان کی مسلح افواج نے بھی شہید کی 68ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے خلاف کارروائی کے دوران شدید زخمی ہونے کے باوجود غیر معمولی شجاعت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا مشن کامیابی سے مکمل کیا۔ ان کی لازوال قربانی اور شجاعت کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ شہداء کی بہادری، حب الوطنی اور قربانیوں کی میراث آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور وطن کے دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والے ہر محافظ کو حوصلہ اور عزم فراہم کرتی رہے گی۔