لودھراں (نیوز ڈیسک) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ضلع لودھراں کی تحصیل کہروڑپکا اور دنیاپور کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف سرکاری اداروں، ہسپتالوں، پارکس اور عوامی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف، اسسٹنٹ کمشنرز اصغر اقبال لغاری، فیصل ولید اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کہروڑپکا میں کمشنر عامر کریم خاں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ری ویمپنگ کے بعد جدید سہولیات سے آراستہ شعبہ امراضِ چشم کا افتتاح کیا۔ انہیں شعبہ میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے بریفنگ دی گئی۔ آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹر وقار الحق نے جدید شعبہ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے کہا کہ کہروڑپکا کے شہریوں کو امراضِ چشم کے علاج کے لیے جدید طبی سہولیات کی فراہمی خوش آئند ہے۔ آئی وارڈ سے نئے شعبہ میں منتقلی کے بعد روزانہ تقریباً 300 مریضوں کو سہولیات کی فراہمی قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات کے تعاون کو سراہتے ہوئے عوامی ریلیف یقینی بنانے پر ڈاکٹروں کو شاباش دی۔
دنیاپور میں کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا معائنہ کیا اور ہیپاٹائٹس کلینک، میل و فیمیل وارڈز اور میڈیسن سٹور کا دورہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج معالجے کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ کمشنر نے ہسپتال میں ڈائیلاسز، سی پی سی مشینوں اور کارڈیک اپریٹس کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے عامر اعظم شہید پارک میں سی ایم چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک کا دورہ کیا اور ٹف ٹائلز کی تنصیب اور لائٹنگ کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا معائنہ کیا، سائلین سے مسائل دریافت کیے اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول نمبر ون دنیاپور میں مادرِ علمی کے تحت زیرِ تعمیر بلاک کا بھی معائنہ کیا اور جدید اے سی بلاک کو عوام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ کمشنر نے سکول اور پارک میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی لگائے۔
دورے کے دوران کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں میٹرک کی پوزیشن ہولڈر طالبات مہرین رسول اور رومان فاطمہ اور ان کے والدین سے ملاقات کی۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈر طالبات کو شاباش دی اور ان میں سرٹیفکیٹس اور کیش پرائز تقسیم کیے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے دنیاپور میں بہترین انتظامات پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور اسسٹنٹ کمشنر فیصل ولید کی کاوشوں کو بھی سراہا۔