بہاول پور (نیوز ڈیسک) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر بہاولپور میں جشنِ آزادی کی تقریبات قومی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں۔ جشنِ آزادی کی آمد پر رات 12 بجے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گورنمنٹ صادق ڈین ماڈل ہائی سکول میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ آتش بازی دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے جشنِ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر حمزہ احتشام سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ یومِ آزادی تجدیدِ عہد کا دن ہے، پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کا ثمر ہے، اس کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات قومی یکجہتی، اتحاد اور وطن سے محبت کے جذبات کو فروغ دیتی ہیں۔
آج 14 اگست کو صبح 8 بجے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں مرکزی تقریب منعقد ہوگی، جہاں پرچم کشائی کی رسم ادا کی جائے گی۔ بعد ازاں ڈرنگ اسٹیڈیم سے ٹی ڈی سی پی چوک تک جشنِ آزادی ریلی نکالی جائے گی، جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، سرکاری محکموں کے نمائندگان، سول سوسائٹی اور شہری شرکت کریں گے۔
فرید پارک کمرشل ایریا میں بھی مختلف تقریبات منعقد ہوں گی۔ شام 7 بجے پرچم کشائی کی تقریب کے دوران یادگارِ قائد کا افتتاح اور شجرکاری کی جائے گی، جبکہ Plant for Quaid مہم کا آغاز بھی ہوگا۔ رات 8 بجے فیملی میوزیکل شو منعقد کیا جائے گا۔