بہاولپور (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود کی صدارت میں جنوبی پنجاب کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات اور این اے 168 کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے ضلع، تحصیل، سٹی اور الائیڈ ونگز کے عہدیداران، سابق ٹکٹ ہولڈرز، جیالوں اور شہر کے معززین نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض جنوبی پنجاب کے کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین نے انجام دیے۔ ضلع صدر شاہ رخ ملک سمیت سٹی، تحصیل اور الائیڈ ونگز، پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی رہنماؤں نے بلدیاتی انتخابات اور این اے 168 کے حوالے سے اپنے خیالات اور آراء کا اظہار کیا۔ شرکاء کی اکثریتی رائے نے متفقہ طور پر مخدوم سید احمد محمود پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں اختیار دیا کہ وہ این اے 168 کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کریں گے، اسے تنظیمی عہدیداران، کارکنان، ورکرز اور جیالے من و عن قبول کریں گے۔
مخدوم سید احمد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک محمد اقبال چنڑ کی وفات پر ان کے بچوں سے تعزیت کے لیے بہاولپور آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک محمد اقبال چنڑ بہت اچھے اور نفیس انسان تھے۔ ان کی وفات کے بعد این اے 168 کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس کے سلسلے میں جنوبی پنجاب کی میٹنگ بہاولپور میں منعقد کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تمام عہدیداران نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، جس کا احترام کرتے ہوئے وہ چیئرمین صاحب سے مشاورت کریں گے۔ چیئرمین جو بھی فیصلہ کریں گے، ہم اسے ماننے کے پابند ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے انہوں نے جنوبی پنجاب کی صدارت سنبھالی ہے، تمام ساتھی پاکستان پیپلز پارٹی کے فروغ کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں، جس پر وہ سب کے ممنون ہیں۔
اجلاس میں تین قراردادیں منظور کی گئیں جن میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو فوری طور پر کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ کشمیر میں مبینہ دھاندلی کی مذمت کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا گیا۔
اجلاس میں جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، جنرل سیکرٹری نتاشا دولتانہ ایم این اے، ڈویژنل صدر جاوید اکبر ڈھلوں، ڈویژنل جنرل سیکرٹری سید عامر شاہ ایم پی اے، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری محمد علی احسن، ڈویژنل انفارمیشن سیکرٹری شاہ محمد چنڑ، ڈویژنل صدر ڈیرہ غازی خان آصف دستی، متوقع امیدواران یوسف اکرم عباسی، عاصم عباسی، حافظ حسین احمد مدنی، ریاض سامٹیہ، جنرل سیکرٹری ضلع ملتان راؤ ساجد، ڈویژنل صدر بہاولپور صاحبزادی ساہرہ عباسی، ضلعی صدر خواتین ونگ سیدہ عشرت علی سعید، ضلع بہاولپور کے انفارمیشن سیکرٹری محمد فاروق علی مغل، سٹی صدر ملک امتیاز چنڑ، پیپلز لائرز کے صدر رائے عتیق نظامی سمیت دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔
اجلاس میں سابق ٹکٹ ہولڈرز سید نسیم عباس بخاری، سید تطہیر الحسن ترمذی، سید محمد عرفان گردیزی، سابق ایم پی اے، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید سعید الدین احمد، حاجی محمد ریاض نوشہ، وقار صدیقی، عاطف اکرم عباسی، ارشد ساجد، عبدالرحمن مغل، ملک اسلم چنڑ، بشیر احمد جوئیہ، کلیم اللہ ایڈووکیٹ، غلام عباس بلوچ، یعقوب جھلن، سجاد مسن، سخاوت گل، ریاض بھٹی، رانا مظفر اور حنان اختر بھی موجود تھے۔