بہاول پور (نیوز ڈیسک) ڈویژنل سیرت النبی ﷺ کانفرنس 2026ء بہاولپور میں بعنوان ”نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں“ منعقد ہوئی، جس میں نسل نو کی فکری و اخلاقی تربیت، کردار سازی اور معاشرے میں امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ کانفرنس کی صدارت کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کی، جبکہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور اور ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ بہاولپور کے اشتراک سے منعقدہ کانفرنس میں آر پی او بہاولپور غازی صلاح الدین، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب، ایم ڈی پی ایچ اے نیئر مصطفیٰ، رکن اسلامی نظریاتی کونسل اللہ بخش کلیار، میلاد مصطفیٰ کمیٹی کے صدر عبدالرزاق شائق، نامور شاعر اظہر فراغ، سابق پارلیمنٹرین و معروف ادیب تابش الوری، علما کرام، نعت خواں حضرات، امن کمیٹی کے ارکان، افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی سیرت طیبہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ اور مکمل ضابطہ حیات ہے۔ نسل نو کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت کے لیے سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ اعلیٰ اخلاق، برداشت، رواداری، اخوت، محبت اور معاشرتی ذمہ داریوں کا شعور دینا ہوگا تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
آر پی او بہاولپور غازی صلاح الدین نے کہا کہ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور باہمی رواداری کے فروغ کے لیے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ نوجوان نسل ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، اسے مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور سیرت النبی ﷺ کے روشن اصولوں سے روشناس کرانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ایم ڈی پی ایچ اے نیئر مصطفیٰ نےکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ ہمیں انسانیت سے محبت، خدمت، نظم و ضبط، حسن سلوک اور ذمہ داری کا درس دیتی ہے۔ دیگر مقررین نے بھی سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں نسل نو کی تربیت اور کردار سازی کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔
نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، جنہیں شرکاء نے بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا، آر پی او بہاولپور غازی صلاح الدین، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب اور ایم ڈی پی ایچ اے نیئر مصطفیٰ نے نعت خواں بچوں میں تحائف، کتب اور مٹھائی تقسیم کی۔
اس موقع پر افسران نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر محکمہ اوقاف و مذہبی امور اور زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ کانفرنس میں زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف ناصر محمود، ڈسٹرکٹ آفیسر اوقاف ایاز الحسن، اسسٹنٹ کمشنر جنرل خضر رزاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ڈاکٹر عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر حمزہ احتشام سمیت دیگر افسران، ڈویژنل و ضلعی امن کمیٹی کے ارکان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے، نوجوان نسل کی اخلاقی و کردار سازی اور معاشرے میں امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔