بہاول پور(نیوزڈیسک)گورنمنٹ صادق ایجرٹن گریجوایٹ کالج میں 140ویں سالانہ تقریبات 2026ء کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ تقریبات کے سلسلے میں پہلے روز مقابلہ حسن نعت اور اردو مباحثہ کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی صدارت پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران ارشد نے کی جبکہ معروف اولمپیئن فلائنگ ہارس سمیع اللہ خان مہمانِ خصوصی تھے۔
مقابلہ حسن نعت سرورِ کونین ﷺ کی نظامت کے فرائض پروفیسر عون محمد سعیدی جبکہ منصفین میں عمیر جیلانی، محمد فرحان قادری اور محمد ابوبکر صدیق کاشغی شامل تھے۔ مقابلے میں علی ذوالقرنین (گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاولپور) نے پہلی، شمائلہ لطیف (گورنمنٹ گرلز کالج حاصل پور) نے دوسری جبکہ علینہ صادق (گورنمنٹ گرلز کالج سیٹ لائٹ ٹاؤن بہاولپور) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اردو مباحثے میں محمد شہباز (گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاولپور) نے پہلی، کرن ناز (گورنمنٹ گرلز کالج سیٹ لائٹ ٹاؤن بہاولپور) نے دوسری جبکہ ماریہ بی بی (گورنمنٹ گرلز کالج دبئی محل بہاولپور) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اردو مباحثہ کے منصفین میں سابق وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر انور صابر، سابق پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج یزمان پروفیسر فردوس احمد اور صدر شعبہ اردو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول نگر کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبیداللہ سکھیرا شامل تھے۔ مباحثے کی نظامت پروفیسر بلقیس صابر نے کی۔
تقریب کے اختتام پر صدرِ مجلس، مہمانِ خصوصی اور وائس پرنسپل پروفیسر دیوان سید آصف شہزاد نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔مہمانِ خصوصی سمیع اللہ خان نے کالج میں اپنے تعلیمی دور کی یادیں تازہ کرتے ہوئے 140 سالہ تقریبات کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ صدرِ مجلس ڈاکٹر عمران ارشد نے مہمانانِ گرامی، منصفین، منتظمین اور طلباء کا شکریہ ادا کیا۔