بہاولپور (نیوز ڈیسک) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ریٹیلرز، جعلی کرنسی تیار کرنے والوں، فراڈولنٹ سموں کے اجرا اور جازکیش/ایزی پیسہ کے ذریعے آن لائن لون فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل بہاولپور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر رب نواز کی زیر نگرانی حاصل پور میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران عمل میں لائی گئی، جہاں سے ملزم محمد حذیفہ ولد محمد یار سکنہ دربار چوک، گلی نمبر 03، حاصل پور کو موقع سے گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ محبوب احمد ولد عبد الستار سکنہ پوسٹ آفس خاص چک نمبر 071، فتح حاصل پور کے ماتحت کام کر رہا تھا، جو اس غیر قانونی نیٹ ورک کا مرکزی کردار بتایا جا رہا ہے۔
چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 04 عدد HBL کنیکٹ ڈیوائسز، 07 اینڈرائیڈ موبائل فونز، 04 کی پیڈ موبائل فونز، 02 فنگر پرنٹ اسکینرز، جعلی انگوٹھوں کے نشانات بنانے کے لیے سلیکون مواد، جعلی انگوٹھوں کے نشانات پر مشتمل متعدد شیٹس، 400 سے زائد سم کارڈز، 64 جعلی کرنسی نوٹ (1000 روپے مالیت)، 01 لیپ ٹاپ اور 03 چیک بکس برآمد کیے گئے۔
ملزمان ان اشیاء کو جعلی سموں کے اجرا، جازکیش و ایزی پیسہ اکاؤنٹس کے ذریعے آن لائن قرضہ فراڈ، اور BISP کے مستحقین کو جعلی کرنسی فراہم کرنے اور ان سے 1000 سے 2000 روپے تک غیر قانونی کٹوتی کرنے کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ مقدمہ کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔