بہاول پور (نیوز ڈیسک) پولیس کے اندر احتساب کے عمل کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ڈی پی او رانا عبدالوہاب کی زیر صدارت اردل روم کا انعقاد کیا گیا، جس میں 25 افسران و اہلکار پیش ہوئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق اردل روم کے دوران کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور ناقص تفتیش جیسے الزامات پر سخت محکمانہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ایک کانسٹیبل کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا، جبکہ 3 انسپکٹرز، 2 سب انسپکٹرز اور ایک کانسٹیبل کی سروس ضبط کرنے کی سزا سنائی گئی۔
مزید برآں، ایک اے ایس آئی اور دو کانسٹیبلان کی تنخواہیں ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ تاہم، 15 افسران کے جوابات تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف شوکاز نوٹس ختم کر دیے گئے۔
ڈی پی او رانا عبدالوہاب کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن، بدعنوانی اور ناقص کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ میں جزا و سزا کا مؤثر نظام موجود ہے اور اختیارات کا غلط استعمال ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف ایماندار، محنتی اور پیشہ ور افسران ہی محکمہ پولیس میں اپنی جگہ برقرار رکھ سکتے ہیں۔