بہاولپور (نیوز ڈیسک) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے مشیرِ وزیراعلیٰ پنجاب برائے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور خصوصی اقدامات علی ڈار سے ملاقات کی، جس میں جامعہ میں اے آئی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم کے حوالے سے اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وائس چانسلر نے آگاہ کیا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں وقت کی ضرورت کے مطابق اے آئی اور کلائمیٹ چینج کے بی ایس لیول کے نئے تعلیمی پروگرامز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جامعہ کے تمام شعبہ جات میں ”اے آئی بلینڈڈ” تدریسی نظام نافذ کیا گیا ہے تاکہ ہر طالب علم کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
مشیرِ وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار نے اسلامیہ یونیورسٹی میں اے آئی کی تعلیم کے فروغ کے لیے کیے گئے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ وائس چانسلر نے انہیں بتایا کہ ان تعلیمی پروگراموں کا مقصد نوجوانوں کو جدید ترین مہارتوں سے لیس کرنا ہے تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا لوہا منوا سکیں۔