فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب حکمت عملی اور بروقت اقدامات نے ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا دیا
بہاول پور (نیوز ڈیسک) بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید ظفر شریف نے کہا ہے کہ پاک افواج نے معرکۂ حق “بنیان المرصوص” میں غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کی قربانیوں، عزم اور وطن سے محبت کو سلام پیش کرتی ہے۔
معرکۂ حق “بنیان المرصوص” کو ایک سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں صدر چیمبر نے کہا کہ پاکستان آرمی نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جس پر قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر دور میں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا کر وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط اور محفوظ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاک فوج خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب حکمت عملی، بروقت فیصلوں اور جرات مندانہ اقدامات نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے اور دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔
صدر چیمبر نے مزید کہا کہ بہاولپور کی بزنس کمیونٹی ملک کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور قومی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری افواجِ پاکستان کو ملک کی بقا کی ضمانت سمجھتی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پاک فوج کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں اور 10 مئی کو بھرپور انداز میں یہ دن منایا جائے گا۔