بہاولپور (نیوز ڈیسک) بہاولپور میں معرکۂ حق “بنیان المرصوص” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں وائس چانسلر دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور ڈاکٹر محمد کامران نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں طلباء اور اساتذہ نے شہداءِ وطن کو شاندار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے دوران شرکاء نے شہداءِ وطن کی عظیم قربانیوں کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور بقا کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ اساتذہ اور طلباء نے “معرکۂ حق بنیان المرصوص” کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ معرکہ قربانی، بہادری اور حب الوطنی کی روشن مثال ہے، جس نے پوری قوم کو اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی ترقی، امن اور استحکام کے لیے ہم سب متحد رہیں گے اور وطن عزیز کے دفاع اور خوشحالی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
وائس چانسلر ڈاکٹر محمد کامران نے اپنے خطاب میں نوجوان نسل کو قومی تاریخ سے آگاہ رکھنے اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور انہیں قومی نظریے کے مطابق آگے بڑھنا چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر شہداءِ وطن کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔