بہاولپور (نیوز ڈیسک)ورلڈ تھیلیسیمیا ڈے کے موقع پر پنجاب تھیلیسیمیا اینڈ ادر جینیٹک ڈس آرڈر پریوینشن اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور تھیلیسیمیا بون میرو سنٹر کے اشتراک سے نرسنگ کالج بہاولپور میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔
سیمینار میں ڈاکٹر راؤ ندیم اور ڈاکٹر افتخار بھٹی نے پنجاب تھیلیسیمیا اینڈ ادر جینیٹک ڈس آرڈر پریوینشن اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے بارے میں تفصیلی آگاہی لیکچر دیا اور تھیلیسیمیا کی روک تھام، علاج اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر ریجنل کوآرڈینیٹر محمد صدیق نے کہا کہ جینیٹک کونسلنگ کے ذریعے تھیلیسیمیا سمیت دیگر جینیٹک بیماریوں سے بچاؤ اور بہتر علاج ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پرنسپل نرسنگ کالج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا کے حوالے سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے اور نوجوان نسل کو اس بیماری سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
سیمینار میں ڈاکٹر عائشہ نذیر (سی وی ایس کنسلٹنٹ)، محمد نوید اعجاز (فیلڈ مانیٹرنگ آفیسر)، میڈیکل طلباء، ڈاکٹرز، نرسز اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔