بہاولپور (نیوز ڈیسک)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاولپور ڈویژن کے زیر اہتمام خواتین کے کردار، وقار اور معاشرتی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک شاندار ٹیبلو مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے کا موضوع ”ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں — قوموں کی عزت ہم سے ہے“ تھا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا مقصد خواتین کے مثبت اور باوقار کردار کو اجاگر کرنا، معاشرے میں ان کے احترام کو فروغ دینا اور نئی نسل میں خاندانی و معاشرتی اقدار کے شعور کو بیدار کرنا تھا۔ شرکاء نے ٹیبلوز کے ذریعے ماں، بہن اور بیٹی کی عظمت، قربانی، محبت اور قومی ترقی میں ان کے کردار کو نہایت خوبصورتی اور مؤثر انداز میں پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی صدر بہاولپور وومن انٹرپرینیور سمیرا وقار نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہوتی ہیں اور ان کی عزت و تکریم دراصل پوری قوم کی عزت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں کے ذریعے مثبت معاشرتی اقدار کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
جیوری میں شامل پرنسپل کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر فرحانہ الطاف قریشی، سابق چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر عبدالواجد خان، اور پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد رانا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں اور شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔
تقریب کے اختتام پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاولپور ڈویژن کے حکام نے تمام شرکاء، اساتذہ اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔