بہاولپور (نیوز ڈیسک)بہاولپور میں پہلی بار دینی مدارس کے طلبہ کے مابین ڈرنگ اسٹیڈیم میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جسے دینی تعلیم اور کھیل کے حسین امتزاج کی روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے خصوصی شرکت کی اور ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین، ڈویژنل سپورٹس آفیسر عامر حمید، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فواد احمد، دینی مدارس کے طلبہ، اساتذہ، ممبران ضلعی امن کمیٹی، علمائے کرام اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں برداشت، نظم و ضبط، اتحاد، بھائی چارے اور ٹیم ورک جیسے مثبت اوصاف پیدا کرتے ہیں، جو ایک مہذب اور متوازن معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بہاولپور کی جانب سے دینی مدارس کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ایک تاریخی اور قابلِ تحسین اقدام ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ کی سطح پر دینی مدارس کے طلبہ کے لیے اس نوعیت کے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مدارس کے طلبہ کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے، صحت مند مقابلے کے رجحان کو فروغ دینے اور مثبت سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔
ڈویژنل سپورٹس آفیسر عامر حمید نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں 10 دینی مدارس کے طلبہ حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان مدارس کے بچوں کو یکجا کرکے چار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد مدارس کے طلبہ میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنا بھی ہے۔
تقریب کے دوران شائقین کرکٹ اور شہریوں نے دینی مدارس کے طلبہ کی کھیل میں دلچسپی اور جوش و خروش کو سراہا جبکہ شرکاء نے اس اقدام کو معاشرتی ہم آہنگی، نوجوانوں کی مثبت تربیت اور بین المدارس روابط کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔