بہاولپور (نیوز ڈیسک) گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ طالبات کی ڈگریاں اختتام نہیں بلکہ ایک نئی شروعات ہیں اور نوجوان نسل کو ملک، صوبے اور معاشرے کی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں اپنے محسنوں کی قدر کرکے ہی ترقی کرتی ہیں جبکہ والدین کی قربانیوں کے بغیر تعلیم کا سفر ممکن نہیں۔
وہ گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کے چوتھے کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم، طالبات، والدین، اساتذہ، افسران، معزز مہمانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گورنر پنجاب نے کامیاب طالبات میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے۔
سردار سلیم حیدر خان نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مڈل کلاس طبقے کے لیے آج بھی اعلیٰ تعلیم کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، لہٰذا طالبات اپنی کامیابی کے پیچھے والدین کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم یافتہ بیٹیاں قوم کا روشن مستقبل ہیں اور انہیں چاہیے کہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے محنت کا صلہ عزت اور کامیابی کی صورت میں دیا ہے جبکہ نوجوان نسل تعلیم کو معاشرے کی بہتری کے لیے بروئے کار لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہاولپور کی دھرتی علم و تعلیم کی روشن مثال بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور علمی و تحقیقی میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے اور جنوبی پنجاب میں خواتین کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہو رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ اور والدین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
سردار سلیم حیدر خان نے نواب آف بہاولپور کی پاکستان اور تعلیم کے لیے خدمات کو ناقابلِ فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواب خاندان کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی بہاولپور دراصل نواب آف بہاولپور کے وژن کا تسلسل ہے اور تعلیم کے لیے قیمتی جائیداد وقف کرنا ان کا عظیم کارنامہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام نے قیامِ پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا جبکہ پاکستان سے محبت ہی ہماری اصل پہچان اور مشعلِ راہ ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے جامعہ کی مجموعی کارکردگی، تعلیمی ترقی اور انتظامی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی طالبات کو معیاری تعلیم، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ میں تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ، جدید لیبارٹریز، ڈیجیٹل سہولیات، بین الاقوامی روابط، طالبات کی فلاح و بہبود اور ہم نصابی سرگرمیوں کے میدان میں نمایاں پیش رفت حاصل کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی جنوبی پنجاب میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور طالبات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
کانووکیشن میں مجموعی طور پر 3248 طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ نمایاں تعلیمی کارکردگی پر 63 طالبات کو گولڈ میڈلز اور 62 طالبات کو سلور میڈلز سے نوازا گیا۔ تقریب میں 3 طالبات کو پی ایچ ڈی ڈگریاں بھی عطا کی گئیں۔ بی ایس چار سالہ پروگرام سیشن 2018 تا 2022 اور 2019 تا 2023 کے گریجویٹس، دو سالہ بی ایس پروگرام سیشن 2020 تا 2022 اور 2021 تا 2023 کی طالبات، جبکہ ایم اے، ایم ایس سی، ایم ایس اور ایم سی ایس پروگرامز سیشن 2020 تا 2022 اور 2021 تا 2023 کے طلبہ و طالبات نے اپنی ڈگریاں وصول کیں۔شعبہ ریاضی کے پی ایچ ڈی اسکالرز سیشن 2019 تا 2022 جبکہ شعبہ کیمسٹری اور اسلامک اسٹڈیز کے پی ایچ ڈی اسکالرز سیشن 2021 تا 2024 کو بھی ڈاکٹریٹ ڈگریاں جاری کی گئیں۔