لودھراں (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زرعی گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام کے تحت زرعی پروفیشنلز کو روزگار کے ساتھ عملی تربیت اور جدید پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرِ نگرانی انٹرن شپ پروگرام کے لیے زرعی گریجویٹس کے انتخاب کی خاطر انٹرویوز لیے گئے۔
لودھراں ضلع کی 33 انٹرن شپ نشستوں کے لیے 156 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سکروٹنی کے بعد 142 زرعی گریجویٹس انٹرویو کے لیے اہل قرار پائے۔
انٹرویو پینل میں اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ حافظ محمد ظفر، ڈاکٹر وسیم حسن، ایگریکلچرل کیمسٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ملک محمد ظفر اور راشد سرور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ زرعی پروفیشنلز کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کا انٹرن شپ پروگرام ایک انقلابی اقدام ہے۔ بی ایس سی آنرز کے گریجویٹس کو اس پروگرام کے ذریعے اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اہل امیدواروں کا انتخاب صرف میرٹ پر کیا جائے گا، جبکہ باصلاحیت افرادی قوت سے محکمہ زراعت کی کارکردگی اور عوامی تاثر میں بہتری آئے گی۔