بہاولپور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سرکاری دفاتر میں گڈ گورننس کی مانیٹرنگ کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بہاولپور آفس کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے افسران اور اسٹاف کی حاضری چیک کی۔ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے متعدد افسران و ملازمین کی غیرحاضری پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر حاضر افسران و ملازمین کے خلاف حسبِ ضابطہ کارروائی کی جائے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ پنجاب کے "اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر ریونیو و کالونیز احسان الحق اور کالونائزیشن آفیسر سید محمد عثمان نے پروگرام کے حوالے سے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے حالیہ الاٹمنٹ کے 7 ہزار 900 انتقالات کے کیسز زیرِ التواء ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے زیرالتواء کیسز کو ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا بے زمین کسانوں کے لیے اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام ملکی معیشت کی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پروگرام کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں اور عوام کو ان کی دہلیز پر ان کا حق ہر صورت فراہم کیا جائے گا۔