بہاولپور (نیوز ڈیسک) مرکزی انجمن تاجران کے صدر سید اسرار حسین شاہ، انجمن حسینیہ معین الواعظین کے صدر میجر زاہد حسین (ریٹائرڈ) اور ممبر امن کمیٹی ڈویژن سید مجیب روشن علی گیلانی نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات میںمعرکۂ حق ”آپریشن بنیان المرصوص“ کی یومِ تاسیس بھرپور قومی جذبے اور شایانِ شان انداز میں منانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ ”معرکۂ حق“ اور ”آپریشن بنیان المرصوص“ پاکستان کی عسکری تاریخ کا سنہری باب ہیں، جنہوں نے قومی سلامتی کے تحفظ اور دشمن کی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور یومِ تاسیس کے موقع پر ان کی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
وفد نے ڈپٹی کمشنر کو تقریبات کے مختلف پروگراموں سے بھی آگاہ کیا، جن میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کو اجاگر کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ قومی جذبے سے سرشار ان تقریبات کے انعقاد میں بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔
اس موقع پر سید سعید الدین صاحبزادہ، ریاض احمد اویسی، ظفر عبداللہ، ڈاکٹر وسیم قریشی، سہیل سنی، ملک صلاح الدین، چوہدری وسیم حکیم، معین الدین زاہد، رسول اور خالد خان بھی موجود تھے۔