بہاولپور (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے بہاولپور پریس کلب کو 50 لاکھ روپے کی گرانٹ فراہم کیے جانے پر صدر بہاولپور پریس کلب چوہدری محمد سلیم سمیت دیگر عہدیداران اور ممبران پریس کلب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ رانا محمد طارق، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب فرید احمد اور ڈائریکٹر تعلقات عامہ بہاولپور ڈاکٹر ناصر حمید سے دلی تشکر کا اظہار کیا ہے۔
صدر بہاولپور پریس کلب چوہدری محمد سلیم نے کہا کہ حکو مت پنجاب کی جانب سے گرانٹ کا اجراء صحافتی برادری کے لیے خوش آئند اور قابل تحسین اقدام ہے جس سے پریس کلب کی ترقی، بہتری اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جو لائق تحسین ہے۔
صدر پریس کلب کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی گرانٹ نہ صرف پریس کلب کی سہولیات میں بہتری کا سبب بنے گی بلکہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ صدر پریس کلب نے کہا کہ بہاولپور پریس کلب کی انتظامیہ اور ممبران امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی صحافتی اداروں کی مضبوطی، صحافیوں کے مسائل کے حل اور فلاحی اقدامات کے لیے ایسے مثبت فیصلے جاری رہیں گے۔