بہاولپور (یوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی کھالوں اور عطیات کی باقاعدہ وصولی کے لئے اہم ہدایات اور مکمل شیڈول جاری کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن میں درخواستوں کی وصولی، جانچ پڑتال اور حتمی منظوری کے طریقہ کار سے متعلق وضاحت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قربانی کی کھالوں اور عطیات جمع کرنے کے خواہشمند ادارے، تنظیمیں اور فلاحی ادارے اپنی درخواستیں 12 مئی 2026 تک جمع کرا سکیں گے۔ موصول شدہ درخواستوں کا جائزہ اور جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرنے کے بعد حتمی فیصلہ 15 مئی 2026 کو دیا جائے گا، جبکہ منظور شدہ درخواستوں کے احکامات 18 مئی 2026 کو جاری کیے جائیں گے، جس کے بعد منظور شدہ ادارے مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت اپنی سرگرمیاں انجام دے سکیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے درخواستوں کے خلاف اپیل کے حق کو برقرار رکھتے ہوئے اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 22 مئی 2026 مقرر کی ہے، جو کمشنر بہاولپور ڈویژن کو جمع کروائی جا سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں، مدارس، فلاحی تنظیموں اور سماجی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ تاریخوں اور ضابطہ کار کی سختی سے پابندی یقینی بنائیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔