بہاولپور (نیوز ڈیسک) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے صوبائی وزیر کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی صد سالہ تقریبات کا سووینئر پیش کیا۔
صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے تعلیمی کردار کو سراہا اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔
دریں اثنا وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے لاہور میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے بھی ملاقات کی۔ وائس چانسلر نے سپیکر پنجاب اسمبلی کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔