بہاولپور(نیوز ڈیسک) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بہاولپور ڈویژن نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی منشیات اسمگلر کو حراست میں لے کر 9 کلو 400 گرام چرس برآمد کر لی جبکہ ملزم کے زیر استعمال موٹر سائیکل بھی قبضہ میں لے لی گئی۔
ڈائریکٹر بہاولپور ڈویژن عبدالمنان کی قیادت میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاضلاعی سطح پر منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم سجاد عزیز ولد محمد عزیز قوم راجپوت کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 9 کلو 400 گرام چرس برآمد کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر عبدالمنان نے کہا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بہاولپور ڈویژن منشیات کے مکمل خاتمے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فورس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”منشیات سے پاک پنجاب، صحت مند اور محفوظ پنجاب” کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔