بہاولپور(نیوز ڈیسک) صادق پبلک سکول بہاولپور کے آرٹ کلب کی طرف سے صادق آرٹ فیسٹیول کے تیسرے ایڈیشن 2026 کا انعقاد ہوا جس میں بہاولپور کے مختلف اسکولوں کے 63 طلبا اور صادق پبلک سکول کے 250 طلبا نے لائیو پینٹنگ مقابلے میں حصہ لیا۔
اس کے علاوہ سالانہ آرٹ نمائش 2026 میں طلبا کے 450 کے قریب خوبصورت فن پارے سجائے گئے۔ اس تقریب کے منصف معروف ڈرامہ نگار، مجسمہ ساز، پینٹر اور براڈکاسٹر پروفیسر آغا صدف مہدی تھے جو پروڈیوسر FM 92.6 IUB اور سابق صدر شعبہ فائن آرٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ہیں۔
منصفین کے نتائج کے مطابق بیرونی طلبا کی کیٹگری ریسورس اکیڈمیا انٹرنیشنل سکول سسٹم کی نبیہا سلمان نے جیتی۔ دوسری کیٹگری میں امریکن لائسیم انٹرنیشنل سکول کی عجوہ خالدہ پہلی پوزیشن کی حقدار قرار پائیں اور تیسری کیٹگری میں گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین سیٹ لائٹ ٹان بہاول پور کی رابعہ فاطمہ فاتح قرار پائیں۔سکول کے طلبہ میں محمد حذیفہ کو جبکہ طالبات میں میرب فاطمہ کو فاتح قرار دیا گیا۔پروگرام کے آخر میں حاضرین محفل کیلئے عصرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔