بہاولپور(نیوز ڈیسک)گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم کی سرپرستی میں ڈائریکٹوریٹ آف کیرئیر کونسلنگ سینٹر کے زیرِ اہتمام "ادویات کی دریافت اور تیاری میں ابھرتے رجحانات” کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار کے مہمانِ خصوصی نامور سائنٹسٹ و محقق پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری (کوآرڈینیٹر جنرل COMSTECH, OIC) تھے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں ادویات کی دریافت اور تیاری کے جدید رجحانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جدید تحقیق، بائیوٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل سائنسز میں تیزی سے نئی اختراعات سامنے آ رہی ہیں، جو بیماریوں کے علاج اور انسانی صحت کے فروغ کے لیے نئے امکانات پیدا کر رہی ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان محققین کے لیے یہ وقت انتہائی اہم ہے کیونکہ تحقیق میں ہر چھوٹا قدم مستقبل میں بڑی دریافت کی بنیاد بن سکتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تجسس، تخلیقی سوچ اور مسلسل محنت کے ساتھ تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کی اور کہا کہ ایک سادہ آئیڈیا بھی دنیا بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سیمینار کی منتظم ڈاکٹر میمونہ نذیر (ڈائریکٹر کیرئیر کونسلنگ و ایلومنائی افیئرز) نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم کی رہنمائی اور سرپرستی کے بغیر یہ علمی پروگرام ممکن نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سیمینارز طلبہ کے لیے علمی ترقی، عملی تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے حصول میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر اشفاق محمود قریشی (ڈین فیکلٹی آف سائنس)، پروفیسر ڈاکٹر مسرت اظہر (ڈین فیکلٹی آف آرٹس)، پروفیسر ڈاکٹر محمد صادق ہاشمی (ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن)، ڈاکٹر صائمہ انجم (رجسٹرار)، محمد انصر مغل (خزانہ دار) اور ڈاکٹر محمد سعید احمد (ڈائریکٹر آئی ٹی) سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا جس میں طلبہ نے بھرپور دلچسپی اور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ آخر میں مہمانِ خصوصی کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم کی جانب سے ڈین فیکلٹی آف سائنس نے یادگاری سووینئر پیش کیا۔