اسلام آباد(ریگزار نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خلیج کی صورت حال کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متاثرہ کمزور اور متوسط طبقات کیلئے مزید ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام آدمی کو بچانے کیلئے حکومت نے بارہا یہ بوجھ خود برداشت کیا اور حکومتی اخراجات پر کٹ لگایا ، ڈیجیٹل نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائیں گے، کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو اپنی زیر صدارت خلیجی بحران کے پیٹرولیم مصنوعات پر اثر، پاکستان میں موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کمزور اور متوسط طبقے کے عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کی رجسٹریشن ان کے نام پر منتقل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں، اس سلسلے میں وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے مربوط روابط کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے بھی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری اخراجات میں کمی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فی الفور بند کیا، قربانی کا سلسلہ حکومتی اخراجات میں کٹوتی سے شروع کیا، تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کرکے بچت کے اقدمات سے حاصل شدہ رقم عوامی ریلیف کیلئے بروئے کار لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائیں گے۔ عالمی سطح پر بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت اللہ کے فضل و کرم سے ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے بتایا کہ پاکستان خطے میں امن کے حوالے سے سفارتی محاذ پر بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ اجلاس میں ایندھن کی بچت کیلئے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد، آئندہ کے لائحہ عمل پر تجاویز اور موجودہ اسٹاک پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور وزیرِ اعظم کے ایندھن کی بچت کے اقدامات پر عملدرآمد اور سادگی مہم پر پیش رفت پر انٹیلیجنس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی بچت و سادگی مہم پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے، ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کیلئے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اشرافیہ کی بڑی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافے سے جیٹ فیول کی قیمتوں میں کسی قسم کا ردو بدل نہیں ہوا۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر بچت مہم کے تحت اعلان کردہ اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے، اجلاس کو آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد آصف، احسن اقبال، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، سید مصطفی کمال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، شزہ فاطمہ خواجہ، رانا مبشر اقبال، سردار اویس خان لغاری، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طارق فاطمی، طلحہ برکی، ارکان قومی اسمبلی انجینئر قمر الاسلام، ریاض الحق، حافظ محمد نعمان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔