بہاولپور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے نواب سر صادق محمد خان عباسی ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں فائر سیفٹی اور فائر فائٹنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پیڈز وارڈ، ایمرجنسی سمیت ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور حساس مقامات پر نصب فائر سیفٹی آلات، فائر ایکسٹنگوشرز، ایمرجنسی راستوں اور دیگر حفاظتی انتظامات کا موقع پر معائنہ کیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حامد خان نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں فائر سیفٹی اور فائر فائٹنگ کے نظام سمیت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس، آگ پر قابو پانے کے طریقہ کار اور مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کے محفوظ انخلاء کے انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں فائر سیفٹی کے تمام انتظامات ہر وقت مکمل طور پر فعال اور درست حالت میں رکھے جائیں۔ فائر فائٹنگ آلات کی باقاعدگی سے چیکنگ، ایمرجنسی راستوں کی ہر وقت دستیابی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملی مشقوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کی حفاظت ہسپتال انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مکمل تیاری ضروری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے فائر سیفٹی سے متعلق تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے کسی بھی شعبہ میں فائر سیفٹی یا حفاظتی انتظامات کے حوالے سے کوئی کمی یا خامی موجود ہو تو اسے فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ریسکیو 1122 کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور فائر سیفٹی انتظامات کو جانچنے کے لیے فرضی مشق (موک ایکسرسائز) کا بھی مظاہرہ کیا گیا، جس کے ذریعے ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس، آگ پر قابو پانے اور مریضوں و طبی عملے کے محفوظ انخلاء کی عملی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔