بہاول پور(نیوز ڈیسک)کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے فرید گیٹ کا دورہ کیا اور وہاں جاری بیوٹیفیکیشن اور تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بہاولپور شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور تاریخی و ثقافتی ورثے کو مزید نمایاں کرنے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ فرید گیٹ کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں جاری تمام بیوٹیفیکیشن منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی و تزئین و آرائش کے کاموں میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے کہا کہ بہاولپور کو صاف ستھرا، سرسبز، روشن اور دیدہ زیب شہر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے جاری اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں تاکہ شہریوں کو بہتر اور خوبصورت ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ فرید گیٹ کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے منصوبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ کاموں کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔ فرید گیٹ کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے بجلی کے کھمبوں پر جدید اسٹریٹ لائٹس نصب کر دی گئی ہیں، جبکہ بیوٹیفیکیشن کے دیگر اقدامات بھی تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الٰہی کھر، والڈ سٹی پراجیکٹ کے افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے جی پی او آفس کے قریب کشمیر پارک میں جاری بیوٹیفیکیشن منصوبے کا بھی دورہ کیا، جہاں پارک کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے لوہے کی گرلز کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے۔