اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں بی آئی ایس پی کے ہنر مندی کے فروغ کے ایجنڈے، بالخصوص اسکلز ڈویلپمنٹ اور بینظیر ہنرمند پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران اے ڈی بی کے وفد نے بی آئی ایس پی کی جانب سے ہنر مندی کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت مستحقین اور ان کے اہل خانہ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنے کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہنر مندی کا فروغ ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ یہ مستحق خاندانوں کو غربت سے نکلنے اور پائیدار آمدن کے ذرائع حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی مستحقین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر عمل پیرا ہے۔
اجلاس میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے افراد کے لیے تربیتی مواقع میں توسیع، اسکول سے باہر نوجوانوں کے مسئلے سے نمٹنے اور دور دراز و پسماندہ علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں تک ہنر مندی کے پروگراموں کی رسائی بڑھانے سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اے ڈی بی کے وفد نے بی آئی ایس پی کے ہنر مندی کے فروغ کے پروگراموں کے لیے اپنے مسلسل تعاون اور اشتراک کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں بی آئی ایس پی کے ایڈیشنل سیکریٹری، ڈائریکٹر جنرل کمپلیمنٹری انیشی ایٹوز اور بینظیر ہنرمند پروگرام کے سینئر حکام بھی شریک تھے۔