لیہ (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع لیہ کے عوام کے لیے جدید، محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت کی فراہمی کے لیے گرین الیکٹرک بس سروس کا آن لائن افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ کے عوام دوست وژن کے تحت شروع کی جانے والی اس سروس میں خصوصی افراد کے لیے سفر مکمل طور پر مفت ہوگا۔
افتتاحی تقریب سپورٹس کمپلیکس لیہ میں منعقد ہوئی، جہاں ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر، ایم پی اے سمعیہ عطاء شہانی، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجروں، وکلا، سرکاری افسران، خواتین، طلبہ، شہریوں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر اور دیگر مہمانوں نے ربن کاٹ کر گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا۔
افتتاح کے بعد گرین بسوں کا قافلہ سپورٹس کمپلیکس سے روانہ ہوا، جو شہر کے مختلف شاہراہوں سے گزرتا ہوا کشمیر چوک پہنچا۔ راستے میں شہریوں نے گرین بسوں کا پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، جبکہ مختلف مقامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ گرین الیکٹرک بس سروس وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن کا اہم منصوبہ ہے، جس سے لیہ کے شہریوں کو جدید، محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ترقیاتی منصوبوں اور جدید عوامی سہولیات کا دائرہ دور دراز اضلاع تک بھی وسیع کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرین بس سروس سے طلبہ، خواتین، بزرگ شہریوں اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی، جبکہ کم کرایہ شہریوں کے سفری اخراجات میں کمی کا باعث بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحول دوست الیکٹرک بسیں فضائی آلودگی میں کمی لا کر صاف اور سرسبز پنجاب کے وژن کو بھی فروغ دیں گی۔
تقریب میں شریک شہریوں نے گرین الیکٹرک بس سروس کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اظہارِ تشکر کیا اور اسے لیہ کے عوام کے لیے ایک اہم عوامی سہولت قرار دیا۔