ملتان (نیوز ڈیسک) چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز میپکو انجینئر عامر ضیاء نے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26ء میں میپکو کی شاندار کارکردگی پوری کمپنی کے افسران و ملازمین کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، جس کے باعث میپکو ملک کی نمبر ون پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی بننے میں کامیاب ہوئی۔ اس نمایاں کامیابی پر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ تمام ملازمین کے لیے بونس کا اعلان بھی کیا گیا۔
انجینئر عامر ضیاء نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پاور سیکٹر میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز، انتظامیہ، افسران اور ملازمین کو سراہا ہے۔ میپکو کا خسارہ کم ہونا اور مقررہ اہداف حاصل کرنا قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ روایتی انداز سے ہٹ کر سوچتے ہوئے ’’پاکستان فرسٹ‘‘ کے اصول کو اپنایا جائے اور قومی اداروں کی بہتری کے لیے ذاتی و ادارہ جاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کو اولین ترجیح دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سے دو سال کے دوران میپکو نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ اس میں ملک کے بہترین بجلی تقسیم کار ادارے کے طور پر قیادت کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ نمبر ون پوزیشن حاصل کرنا اہم کامیابی ہے تاہم اسے برقرار رکھنا، کارکردگی میں مزید بہتری لانا اور دیگر اداروں کے لیے بینچ مارک قائم کرنا اصل چیلنج ہے۔ میپکو کی قیادت، افسران اور ملازمین کو مزید محنت، عزم اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرتے ہوئے قومی مفاد میں میپکو کو ایک مثالی ادارہ بنایا جاسکے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن انجینئر طاہر بشارت چیمہ نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی مثبت پالیسیوں، مؤثر حکمت عملی اور مسلسل رہنمائی کے باعث میپکو اپنے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ بورڈ کمپنی کی کارکردگی، انتظامی امور اور اہداف کے حصول کی مسلسل مانیٹرنگ کررہا ہے تاکہ میپکو کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مزید بہتر نتائج حاصل کیے جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارتِ توانائی کی جانب سے پاور سیکٹر میں کی جانے والی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے نظام میں بہتری کے ساتھ کارکردگی، شفافیت اور مالیاتی نظم و نسق پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدید مینجمنٹ، مؤثر مانیٹرنگ اور میرٹ پر مبنی فیصلوں کے ذریعے بجلی کمپنیوں کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جاسکتی ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے کہا کہ میپکو کے افسران، انجینئرز، فیلڈ اسٹاف اور تمام محنت کشوں کی دن رات کی محنت سے مقررہ اہداف حاصل ہوئے اور کمپنی نے پاور سیکٹر میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ میپکو کے مختلف اقدامات اور کامیاب ماڈلز کو ملک بھر میں سراہا جارہا ہے جبکہ دیگر ڈسکوز بھی میپکو کے تجربات سے استفادہ کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میپکو کے نمایاں اقدامات میں کسٹمر فسیلیٹیشن سنٹرز کا قیام، جدید کسٹمر سروسز اور ٹرانسفارمر ری کلیمیشن ورکشاپ کی اپ گریڈیشن شامل ہیں۔ ملتان کی ٹرانسفارمر ری کلیمیشن ورکشاپ پاکستان کی پہلی آئی ایس او 9001 سرٹیفائیڈ ٹرانسفارمر ری کلیمیشن ورکشاپ بن چکی ہے۔ دیگر ڈسکوز کے وفود بھی میپکو کے کسٹمر فسیلیٹیشن سنٹرز اور ٹرانسفارمر ری کلیمیشن ورکشاپ کا دورہ کرکے ان اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انجینئر گل محمد زاہد نے کہا کہ میپکو میں بجلی کے نظام کو جدید، مؤثر اور نقصانات سے پاک بنانے کے لیے اے پی ایم ایس بھی متعارف کروایا جارہا ہے۔ اس کے مکمل نفاذ کے بعد ٹرانسفارمر کی سطح تک لوڈ مینجمنٹ کو زیادہ مؤثر انداز میں منظم کیا جاسکے گا۔ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں اور فیڈرز میں نقصانات پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے جبکہ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز انجینئر عامر ضیاء اور بورڈ ڈائریکٹر انجینئر طاہر بشارت چیمہ نے مالی سال 2025-26ء میں ملکی پاور سیکٹر میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد، چیف فنانشل آفیسر میاں انصار محمود، جنرل منیجرز، چیف انجینئرز، ڈائریکٹرز، آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز، ایس ڈی اوز اور دیگر افسران میں شیلڈز تقسیم کیں۔